اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ایک اعلی عہدیدار نے ایک غیرملکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اب سویڈن کے شہریوں کو ورک ویزا جاری نہیں کرے گا اور سویڈن کے ان شہریوں کے موجودہ ویزے میں بھی توسیع نہیں کی جائے گی جو اس وقت سعودی عرب میں مقیم ہیں- سعودی عرب کے اس عہدیدار نے کہا کہ یہ اقدام سویڈن کی وزیر خارجہ مارگوٹ والسٹروم کے اس بیان کے جواب میں کیا گیا ہے جس میں انھوں نے سعودی عرب میں عورتوں کے حقوق اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر تنقید کی تھی- سویڈن کی وزیر خارجہ نے گزشتہ مہینے سعودی عرب کی حکومت پر تنقید کرنے والی بلاگر رائف بداوی کو کوڑے مارنے کی سزا کے بعد اس اقدام پرتنقید کرتے ہوئے اسے آزادی بیان کو کچلنے سے تعبیر کیا تھا- سعودی عرب کے اس اقدام کے بعد سویڈن نے اعلان کیا تھا کہ وہ سعودی عرب میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی بنا پر اس ملک کے ساتھ اپنا فوجی تعاون ختم کر رہا ہے اور سعودی عرب نے بھی سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے -
.......
/169